نیویارک ،8؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ایک روسی جنگی طیارہ بحیرہ اسود کی فضا میں پرواز کے دوران مشاہدہ کرنے والے ایک امریکی طیارے سے ٹکراتے ٹکراتے بچ گیا۔ واشنگٹن میں حکام کے مطابق امریکی طیارہ بین الاقوامی فضائی حدود میں اپنی معمول کی پرواز پر تھا۔ ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس دوران روسی جیٹ امریکی طیارے کے خطرناک حد تک قریب آ گیا اور دونوں طیاروں کے درمیان فاصلہ صرف تین میٹر رہ گیا تھا۔ ماسکو حکومت نے اس الزام کو مسترد کیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی پائلٹوں نے نہ تو کوئی اشتعال انگیزی کی اور نہ ہی وہ بین الاقوامی قوانین کی کسی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔